مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی حمایت کے لیے قائم عالمی اتحاد نے کہا ہے کہ آج جمعہ سے تین روزہ بین الاقوامی مہم شروع کی جارہی ہے، جس کا مقصد غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی تیسری برسی کے موقع پر مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس اتحاد نے دنیا بھر کی اقوام، عوامی تحریکوں اور قانونی و حقوقی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو ہونے والی ان مربوط سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے نسل کشی روکنے کا مطالبہ بلند کریں۔
اتحاد نے زور دیا کہ سڑکوں، پارلیمانوں اور سوشل میڈیا کو فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ قتل عام، تباہی اور جارحیت کے تین سال گزرنے کے باوجود ان جرائم کو معمول کی بات نہیں بننے دینا چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی اداروں میں اسرائیل کو حاصل سیاسی تحفظ اور استثنا کا سلسلہ، جس میں بالخصوص مغربی حکومتیں اور امریکہ شامل ہیں، ختم ہونا چاہیے۔
فلسطین کی حمایت کرنے والا عالمی اتحاد ایک عوامی اتحاد ہے، جو 2025 میں لندن میں پارلیمانی اور قانونی شعبوں کی ممتاز شخصیات کی شرکت سے قائم کیا گیا تھا۔
آپ کا تبصرہ